وزیراعظم آئی ایم ایف کے پاس گئے مگر خودکشی نہیں کی: مرتضیٰ وہاب

166

کراچی: ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا میں آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاؤں گا ، وزیراعظم اپنی کہی ہوئی بات کے برخلاف آئی ایم ایف کے پاس گئے ، وزیراعظم آئی ایم ایف کے پاس گئے مگر خودکشی نہیں کی ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ عمران خان نے کل ایک بین الاقوامی میڈیا ہاؤس کو انٹرویو دیا ، بہت سے لوگ سوال اٹھا رہے ہیں وزیراعظم نے کس طرح کی باتیں کی ہیں ۔ وہ پاکستان سے متعلق کس طرح کا تاثر دنیا کو دے رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی 3 سال کی کارکردگی پر نظر ڈالی جائے تو وہ صفر ہے ۔ وزیراعظم نے ایک کروڑ نوکریاں دینے اور 50 لاکھ گھر دینے کی بات کی تھی ، 3 سال گزر گئے مگر وزیراعظم عوام سے کئے یہ وعدے پورے نہی کرسکے ۔
ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ عمران خان نے 3 سال میں اپنے کہے گئے الفاظ سے ہمیشہ یوٹرن لیا ہے ۔ عمران خان نے کابینہ کو مختصر بنانے کا کہا تھا مگر وہ اس بات سے بھی پھر گئے ۔ عمران خان نے عوام سے کیا ہوا کوئی ایک وعدہ بھی اب تک پورا نہیں کیا ۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کراچی کو یونیورسٹی دینے کا وعدہ کیا اور اس کا فیتہ اسلام آباد میں کاٹا ، عمران خان بتائیں کیا ان کا فیتہ کاٹی ہوئی یونیورسٹی طلبا کو تعلیم دے رہی ہے ۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ 9 ماہ گزر چکے ہیں عمران خان ابھی تک کراچی نہیں آئے ہیں ۔ عوام اچھی طرح سمجھ لیں پی ٹی آئی انہیں کسی طرح کا ریلیف فراہم نہیں کرسکتی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے سندھ کو 162 ارب اور 1100 ارب روپے دینے کا وعدہ کیا تھا وہ پورا نہیں کیا ۔
ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ ماضی میں آزادی صحافت کیلئے بڑے لوگوں نے دعوے اور وعدے کئے ، پیپلز پارٹی واحد جماعت تھی جس نے صحافیوں کیلئے بہت سے اقدامات کئے ۔ پیپلز پارٹی کل بھی صحافیوں کے ساتھ کھڑی تھی اور آج بھی کھڑی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ صحافی برادری کو جو تحفظ چاہئے وہ بل کے ذریعے عملی طور پر کرکے دکھائیں گے ۔ پیپلز پارٹی بل کو کابینہ سے منظور کراکے سندھ اسمبلی میں پیش کرے گی ۔

تبصرے بند ہیں.