لاہور: پاکستانی ڈراموں کی مشہور اداکارہ سارہ خان ان دنوں امید سے ہیں، ان کے یہاں جلد پہلے بچے کی پیدائش متوقع ہے۔ مداحوں کی جانب سے اس خبر پر بہت خوشی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اداکارہ کو ڈھیر ساری دعائیں دی جا رہی ہیں۔
خیال رہے سارہ خان کی گزشتہ سال جولائی میں گلوکار فلک شیر کیساتھ شادی ہوئی تھی۔ دونوں ستاروں کی شادی کی خبر سن کر ان کے مداح بہت خوش ہوئے تھے۔ اب وہ بے صبری کیساتھ انتظار کر رہے تھے کہ ان کے ہاں سے کوئی خوشی کی خبر آئے، اس حوالے سے مختلف چہ مگوئیاں تو ہو رہی تھیں لیکن ان کی کسی ذرائع سے تصدیق نہیں ہو پا رہی تھی۔
اب سارہ خان اور فلک شبیر نے خود سوشل میڈیا کے ذریعے اس خوشخبری کی تصدیق کر دی ہے۔ خیال رہے کہ اپریل میں فلک شبیر نے اہلیہ کی تصویر شیئر کی تھی جس میں وہ ہسپتال کے بیڈ پر لیٹی نظر آ رہی تھیں۔
لیکن فلک شبیر نے واضح نہیں کیا تھا کہ سارہ خان کو کن طبی مسائل کی وجہ سے ہسپتال داخل کرانے کی نوبت آئی تھی۔ میڈیا میں شوشہ اڑایا گیا کہ اداکارہ کو ٹائیفائیڈ کی وجہ سے ہسپتال لے جایا گیا تھا، لیکن یہ صرف افواہ ہی تھی۔
اس کے بعد فلک شبیر نے انسٹاگرام پر ایک سٹوری شیئر کی جس میں ایک حاملہ خاتون کی اپنے شوہر کیساتھ گرافکس تھیں۔
تاہم اب مداحوں کا سسپنس ختم کرتے ہوئے سارہ خان اور فلک شبیر نے خود تصدیق کر دی ہے کہ وہ دونوں جلد ماں باپ بننے والے ہیں۔
اداکارہ سارہ خان نے انسٹاگرام پر اپنے شوہر فلک شبیر کیساتھ مختلف تصاویر شیئر کیں اور قرآنی آیت کا ترجمہ لکھا۔ انہوں نے لکھا کہ الحمدللہ ہمارے ہاں پہلے بچے کی آمد متوقع ہے، ہمیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔
مداحوں کی جانب سے شوبز جوڑی کو مبارکباد دینے اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
تبصرے بند ہیں.