پنجاب اور آزاد کشمیر کے علاقوں میں شدید بارش، مختلف حادثات میں 4 بچے اور ایک خاتون جاں بحق

183

لاہور: صوبہ پنجاب کے مختلف علاقوں اور آزاد کشمیر میں شدید بارش کی وجہ سے پیش آنے والے حادثات میں 4 بچے اور ایک خاتون کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔

نیو نیوز کے مطابق چنیوٹ میں لالیاں کے نواحی علاقے ڈاور میں آسمانی بجلی گرنے سے گھر میں موجود ایک بچہ جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا۔ دم توڑنے والے بچے کا نام شان اور اس کی عمر 10 سال تھی جبکہ زخمی ہونے والے بچے کا نام فلک شیر بتایا جا رہا ہے۔ لاش ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب آزاد کشمیر کے ضلع جہلم ویلی کی یونین کونسل کھلانہ میں شدید بارش کے باعث نالہ جندر بین میں طغیانی آگئی جس کے باعث اس کے قریب سے گزرنے والی خاتوں مسماۃ گلناش زوجہ مامون الرشید اور تین بچے ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔

مرنے والوں کی مییتں نالہ سے نکال کر ان کے گھروں کو پہنچا دی گئی ہیں۔ جاں بحق چاروں افراد کی نماز جنازہ کھلانہ خرد میں ادا کی جائے گی۔

ادھر منچن آباد کے نواحی علاقے مرزیکا کے قریب تیز آندھی کے باعث آگ بھڑک اٹھی۔ ریسکیو حکام کے مطابق آگ آندھی کے باعث بجلی کے تار ٹکرانے سے لگی۔ آگ نے مین ہائی وے روڈ پر کئی درختوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ لگنے سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو گئی۔

دیپالپور شہر اور گردونواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ بارش کے باعث تمام فیڈر ٹرپ کر گئے۔ بجلی غائب ہونے سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

اوکاڑہ نواحی قصبہ جبوکہ میں تیز آندھی کی وجہ سے مکان کو آگ لگ گئی۔ آگ نے ساتھ والے گھروں کو اور مسجد کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 کو فوری طور پر اطلاع کی گئی لیکن امدادی کارروائیاں بروقت شروع نہ ہونے پر مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوششیں شروع کر دیں۔ اس حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں مل سکی۔

شدید آندھی کے باعث پیر محل کے قریب ایم تھری موٹروے درکھانہ ٹول پلازہ کی چھت گرنے سے تین افراد زخمی ہو گئے جنھیں طبی امداد کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

تبصرے بند ہیں.