اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا کو افغانستان میں انسداد دہشت گردی کے آپریشن کیلئے اڈے استعمال کرنے کی اجازت بالکل نہیں دے گا ۔
غیر ملکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاکستان سی آئی اے ، یا امریکی اسپیشل فورسز کو دوبارہ کبھی اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا ۔
واضح رہے کہ افغانستان میں 11 ستمبر 2021 سے امریکی فوج کے انخلاء کے بعد انسدداد دہشت گردی اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن بائیڈن انتظامیہ کیلئے اہم سوال ہیں ۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق بائیڈن انتظامیہ افغانستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن وسط ایشیائی ممالک سے آپریٹ کرنے کے راستے تلاش کر رہی ہے ۔ لیکن ان ممالک کے روسی صدر پیوٹن کے زیر اثر ہونے کے باعث امکانات کم ہیں ۔
پاکستان سے مشکل تعلقات کے باوجود ماضی میں امریکا نے پاکستان سرزمین سے دہشت گروں کے خاتمے کیلئے سینکڑوں ڈرون اور سرحدپار آپریشن کئے لیکن وزیراعظم عمران خان نے واضح کر دیا ہے کہ اب پاکستان امریکی فوج کو کبھی اڈے نہیں دے گا ۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کا یہ انٹرویو اتوار کی شام نشر کیا جائے گا ۔
تبصرے بند ہیں.