اللہ تعالیٰ رمضان کو تمام انسانوں کیلئے خیر و برکت کا باعث بنائے: شاہ سلمان

197

ریاض: خادم حرمین شریفین شاہ سلمان نے مسلمانان عالم کو رمضان کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ رمضان کو تمام انسانوں کے لیے خیر و برکت کا باعث بنائے ۔

اپنے پیغام میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے کہا کہ آئیں آپسی اختلافات ، تفرقہ اور انتشار کو پس پشت ڈالیں ، انہوں نے کہا رمضان کا مہینہ ایسے وقت میں آیا ہے جب دنیا عالمی وبا سے مشکل میں ہے ۔

واضح رہے کہ سعودی عرب سمیت خلیج ریاستوں میں آج پہلا روزہ ہے ، مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں نماز تراویح کی 10 رکعت ادا کی گئیں ، نمازیوں نے محدود تعداد میں ایس او پیز کے ساتھ شرکت کی ۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آج شام پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کے واضح امکانات ہیں ۔ رمضان کا چاند گزشتہ صبح 7 بج کر 32 منٹ پر پیدا ہو چکا ہے ۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 35 گھنٹے سے زائد تھی ۔ آج شام غروب آفتاب اور غروب قمر کا فرق 71 گھنٹے ہوگا ۔ بیشتر علاقوں میں آج شام مطلع صاف یا جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے ۔

خیال رہے کہ آج سعودی عرب سمیت دیگر خلیجی ممالک ، یورپ ، امریکا اور آسٹریلیا میں پہلا روزہ ہے ۔

پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا جبکہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس بھی آج ہی ہوں گے ۔ اس مقصد کیلئے چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے وفاقی حکومت سے تکنیکی معاونت بھی طلب کر رکھی ہے ۔

تبصرے بند ہیں.