لاہور: مزنگ اور سروسز کے بعد جناح ہسپتال سے بھی کورونا ویکسین غائب

152

لاہور: صوبائی دارالحکومت کے بدانتظامی کی بدترین مثالیں سامنے آ رہی ہیں۔ مزنگ اور سروسز ہسپتال کے بعد اب جناح ہسپتال سے بھی کورونا ویکسین کی تقریباً 600 خوراکیں غائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ کورونا ویکسین کی یہ خوراکیں کہیں غائب نہیں ہوئیں بلکہ ہسپتال کی انتظامیہ کی جانب سے بااثر افراد کو لگا دی گئی ہیں، دلچسپ بات یہ سامنے آئی ہے کہ ان حفاظتی ٹیکوں کا کوئی ریکارڈ بھی موجود نہیں ہے۔

دوسری جانب لاہور کے تیسرے ہسپتال میں کورونا ویکسین کی خوراکیں غائب یا چوری ہونے کے واقعے پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان معاملات میں کوئی بھی ملوث ہوا تو اس کیخلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، اس سلسلے میں اعلیٰ سطح پر تحقیقات کا حکم دیدیا گیا ہے۔

تاہم جناح ہسپتال کے میڈیکل سپریٹینڈنٹ کی جانب سے دیئے گئے بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ خبریں سراسر غلط ہیں کہ کورونا ویکسین کی خوراکیں غائب ہوئی ہیں۔ واقعہ دراصل یہ ہے کہ جن ڈاکٹروں نے یہ ویکسین شہریوں کو لگائیں انہوں نے اس کا ریکارڈ مرتب کرتے ہوئے انھیں درج نہیں کیا، اب ہم اس کا مکمل اندراج کر رہے ہیں۔

دوسری جانب چیئرمین مینجمنٹ بورڈ جناح ہسپتال گوہر اعجاز کی جانب سے جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کورونا ویکسین کی تمام خوراکوں کا مکمل ریکارڈ موجود ہے۔ ہسپتال انتظامیہ نے طبی عملے کو حفاظتی ٹیکے میرٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے لگائے تھے۔

تبصرے بند ہیں.