لاہور میں کورونا کے مریض بڑھنے لگے، صورتحال تشویشناک، صرف ایک دن میں 38 اموات رپورٹ

98

لاہور: عالمی وبا کورونا وائرس سے لاہور کی صورتحال بد سے بدتر ہوتی جا رہی ہے لیکن عوام ایس او پیز پر عمل کرنے کیلئے سیریس نہیں ہے۔ خبریں ہیں کہ صرف چوبیس گھنٹوں کے دوران شہر میں 38 اموات ہو چکی ہیں۔

یہ اعدادوشمار محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے جاری کئے گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ لاہور کے ہسپتالوں کے 86 فیصد آئی سی یو جبکہ 73 فیصد آکسیجن وارڈز مریضوں سے بھرے ہوئے ہیں۔

حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ لاہور میں کورونا وائرس کے مثبت آنے کی شرح 14 فیصد رہی جبکہ 36 نئے مریض آئی سی یو میں داخل ہوئے۔ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے ایک بچے کی موت بھی واقع ہوئی۔

لاہور میں گزشتہ روز 8 ہزار 933 ٹیسٹ ہوئے جن میں سے ایک ہزار 247 میں کورونا کی تصدیق ہوئی۔ مجموعی طور پر پنجاب کے آئی سی یوز میں 384 مریض زیر علاج ہیں۔ پنجاب میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 59 مریض آئی سی یو میں داخل ہوئے تھے۔

پنجاب میں 24 گھنٹوں میں 27 ہزار 320 ٹیسٹ ہوئے جن میں سے 2 ہزار 515 کیسز مثبت آئے۔ اعدادوشمار کے مطابق صوبہ پنجاب میں گزشتہ روز کورونا سے 74 اموات ہوئیں۔

ادھر اسلام آباد کے دیہی علاقوں کی نسبت شہری علاقوں میں کورونا کے مثبت کیس زیادہ رپورٹ ہو رہے ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 59.18 فیصد مرد جبکہ 40.82 فیصد خواتین کورونا کا شکار ہوئیں۔

81 سال سے زائد عمر کے 10 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی جبکہ 61 سے 80 سال کی عمر کے 74 افراد میں کورونا مثبت آیا۔ اس کے علاوہ 46 سے 60 سال کی عمر کے 121 افراد کورونا سے متاثر ہوئے۔

ڈی ایچ او اسلام آباد کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 31 سے 45 سال کے 176 افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 21 سے 30 سال کے 137 افراد بھی وبائی مرض میں مبتلا ہوئے۔ اب تک 11 سے 20 سال کے 6 ہزار 154 کورونا کا شکار ہو چکے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں بیان میں کہا گیا ہے کہ دس سال تک کے بچوں میں کورونا کے 6 ہزار 919 کیس رپورٹ ہوئے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں نومولود سے 10 سال تک مزید 102 بچوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا۔ اسلام آباد میں ایک دن میں مزید 603 کورونا کے کیس رپورٹ کئے گئے ہیں۔11 سے 20 سال کے 60 افراد کورونا کا شکار ہوئے۔

تبصرے بند ہیں.