لاہور : حکومت پنجاب کے محکمہ صحت نے لاہور سمیت صوبے کے سات اضلاع میں قائم سرکاری ہسپتالوں کے چار شعبوں کی او پی ڈیز فوری طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
محکمہ صحت پنجاب نے یہ فیصلہ عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس میں اضافے کے پیش نظر کیا ہے ۔ سیکرٹری صحت کی جانب سے جاری کردہ ہدایت کے تحت جن سات اضلاع کے سرکاری ہسپتالوں کے چار شعبوں کی اوپی ڈیز بند رہیں گی ان میں لاہور ، گوجرانوالہ ، گجرات ، راولپنڈی ، سیالکوٹ فیصل آباد اور ملتان شامل ہیں ۔
جن چار شعبوں کی اوپی ڈیز بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ان میں ڈرماٹالوجی ، ڈینٹیسٹری ، ای این ٹی اور پھتالوجی کے شعبے شامل ہیں ۔ سیکرٹری صحت کے مطابق بیس اپریل کو کورونا کی صورتحال کا جائزہ لے کر دوبارہ فیصلہ کیا جائے گا۔
پنجاب کے تمام سرکاری ونجی میڈیکل کالجوں اور میڈیکل یونیورسٹیز بھی 12 اپریل سے بند کردی جائیں گی۔ سیکریٹری صحت نے اس حوالے سے واضح کیا ہے کہ صوبے میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے امتحانات شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے۔
تبصرے بند ہیں.