اسلام آباد :روسی وزیر خارجہ نے پاکستان کو اب تک کی سب سے بڑی پیشکش دیتے ہوئے کہا کہ روس پاکستان کو ہر شعبہ میں فری ہینڈ تعاون دینے کیلئے تیار ہے ،روسی وزیر خارجہ سرگئی لیوروف نے گزشتہ ہفتے پاکستان کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ بند کمرے کی ملاقات میں روسی صدر کا پیغام پہنچاتے ہوئے کہا تھا کہ اگر پاکستان چاہے تو روس ہر شعبہ میں پاکستان کی بھرپور معاونت کرنے کو تیار ہے ۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے روسی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کی اب بڑی خبریں سامنے آنی شروع ہو گئی ہیں ،میڈیا رپورٹس کے مطابق روسی وزیر خارجہ سرگئی لیوروف نے گزشتہ ہفتے اپنے دورہ پاکستان کے موقع پر پاکستانی حکام تک روسی صدر پیوٹن کا اہم ترین پیغام پہنچایا تھا۔پاکستان و روسی حکام کے درمیان بند کمرے میں ہونے والی اہم میٹنگ میں شریک اعلی حکومتی شخصیت نے بتایا ہے کہ روسی وزیر خارجہ نے پاکستان کو پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں اپنے صدر کا ایک اہم پیغام لے کر آیا ہوں جس میں انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے ساتھ ہر قسم کے تعاون کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
روسی قیادت کی طرف سے پاکستان کو معاشی اور دفاعی شعبوں میں تعاون کی پیشکش سے متعلق حکومتی وزرا کا کہنا ہے کہ دوسرے الفاظ میں روسی صدر نے پاکستان کو بلینک چیک کی آفر دے دی ہے ،اب یہ پاکستان پر منحصر ہے کہ وہ اس آفر پر کیسا ردعمل دیتا ہے ۔
روسی وزیر خارجہ نے بند کمرے میں ہونے والی اس ملاقات میں روسی صدر کا پاکستانی قیادت کو پیغام پہنچاتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستان گیس پائپ لائنز ،ریڈارز اور دفاع سمیت کسی بھی معاملے میں دلچسپی رکھتا ہے تو روس ہر قسم کے تعاون کیلئے غیر مشروط طور پر تیار ہے ۔
واضح رہے گزشتہ ہفتے روسی وزیر خارجہ نے دورہ پاکستان کے موقع پر بھی پاکستان اور روس کے درمیان باہمی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے بین الوزارتی مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا تھا۔ روسی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ انسداد دہشت گردی، دفاع، صحت اور باہمی تجارت سمیت تمام شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اس موقع پر کہا تھا کہ روسی کورونا ویکسین کی مقامی سطح پر تیاری کے امکانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔
تبصرے بند ہیں.