پنجاب حکومت نے 12 لاکھ میں 3 مرلے کا گھر دینے کی شرائط طے کر لیں

149

لاہور: اپنا گھر بنانے کے خواہش مند افراد کے لئے خوشخبری، پنجاب حکومت نے 12 لاکھ روپے میں 3 مرلے کا گھر دینے کی شرائط طے کر لیں۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت محکمہ ہاؤسنگ کی جانب سے ملنے والی معلومات کے مطابق جو شرائط طے کی گئی ہیں ان کے مطابق ماہانہ 60 ہزار روپے سے کم ذرائع آمدن والے افراد یہ گھر لینے کے اہل ہوں گے جس تحصیل میں ہاؤسنگ سکیم ہوگی وہیں کے افراد کو یہ گھر ملے گا۔ کم آمدن والے افراد کو بینک سے 10 لاکھ روپے کا قرض بھی آسانی سے مل سکے گا۔

درخواست کنندہ کے نام پر کسی بھی سرکاری ہاؤسنگ سکیم یا کسی جگہ کوئی پراپرٹی نہ ہو اور ماہانہ ذرائع آمدن، بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات، موٹر سائیکل کی رجسٹریشن کے دستاویزات دینا ہوں گے جبکہ بارہ ایکڑ سے کم زرعی رقبے والے کاشتکار اس ہاؤسنگ سکیم میں گھر لینے کے اہل ہوں گے۔ گھر دس سال کے لئے کرائے پر بھی نہیں دیا جا سکے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ 26 مارچ کو وزیراعظم عمران خان نے نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کی وجہ سے قرضوں کی حد میں 100 فیصد اضافہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس حوالے سے سینیٹر فیصل جاوید سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں بتایا تھا کہ وزیراعظم نے گھروں کی تعمیر کے لیے قرض کی حد 50 لاکھ سے بڑھا کر ایک کروڑ روپے کر دی ہے۔ یہ شرح 5 اور 10 مرلے کے گھر، فلیٹس یا پلاٹ پر گھر کی تعمیر کے لیے بڑھائی گئی ہے۔ْ

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 5 برسوں میں 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے لیے نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی قائم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام (این پی ایچ پی) میں گھر کی کل لاگت کا 20 فیصد بطور بیعانہ ادا کرنا پڑے گا۔

بشکریہ(نیو نیوز)

تبصرے بند ہیں.